نئی دہلی، 9 ؍ستمبر(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )روس میں ایم بی بی ایس کی تعلیم حاصل کر رہے بیٹے کی موت کے بعد خاندان کے سبھی ارکان نے مبینہ طور پر ایک ساتھ خودکشی کر لی۔شوہر اور بیٹی کی موقع پر ہی موت ہو گئی جبکہ ماں کی حالت نازک بنی ہوئی ہے۔بھگوان داس(48) ان کی بیٹی سریتا (20)اور بیوی شاردا(48)نے ظفر پور کلاں علاقے کے کھیرا ڈابر میں واقع اپنے مکان میں زہر کھا لیا تھا۔ڈپٹی کمشنر (جنوب) سریندر سنگھ نے کہا کہ صبح تقریبا سات بج کر 15منٹ پر فون آنے پر پولیس موقع پر پہنچی۔پڑوسیوں اور رشتہ داروں نے تینوں کو بے ہوشی کی حالت میں پایا جس کے بعد وہ ان راؤ تلا رام اسپتا ل لے گئے ۔ڈاکٹروں نے بھگوان داس اور سریتا کو مردہ قرار دے دیا جبکہ شاردا کا علاج چل رہا ہے اور اس کی حالت سنگین ہے۔پولیس نے بتایا کہ خاندان کے سبھی اراکین نوجوان بیٹے کی موت کے بعد سے ہی صدمے میں تھے، اسے دل کا دورہ پڑا تھا۔ان کا بیٹا روس میں ایم بی بی ایس کے سال اول کا طالب علم تھا۔